ایسا چلتا رہا تو آئندہ پنجاب میں پی ایس ایل نہ کرانے کا حکم دینگے، لاہور ہائیکورٹ

351

لاہور: ہائیکورٹ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کے آئندہ سال کا شیڈول پیش نہ کرنے کی صورت میں اگلے ایونٹ کے پنجاب میں انعقاد کو روکنے کا اشارہ دے دیا۔

صوبے میں اسموگ کے تدارک کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے گرین بیلٹس پر بیریئرز کو ہٹانے کا حکم دے دیا۔عدالت عالیہ نے آئندہ سال پی ایس ایل کا پلان بھی طلب کر لیا۔

جسٹس شاہد کریم نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ عدالت پی سی بی کو 2 سال سے کہہ رہی ہے آئندہ سال کا پلان شیئر کرے، اگر ایسے چلتا رہا تو پنجاب میں آئندہ پی ایس ایل نہ کروانے کا حکم جاری کر دیں گے۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ 2 سال کے آرڈر دیکھ لیں پی سی بی کورٹ کے حکم کو نہیں مان رہاْ۔اسٹیڈیم کے گرد کھلاڑیوں کے لیے ہوٹل تعمیر کرنے کی تجویز کے بعد سے پی سی بی غائب ہے۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے یقین دہانی کرائی کہ عدالت کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے گا۔عدالت نے کہا کہ ٹریفک کا رول سب سے اہم ہے، ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لیے پلان بنائیں۔اصل مسئلہ تجاوزات ہیں، تجاوزات ہٹا دیں تو سڑک کھل جائے گی۔

دوران سماعت سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ سڑکوں پر ٹریفک جام سے آگاہی کے لیے ٹیلی فون نمبر آویزاں کر دیے ہیں۔عدالت نے ایل ڈی اے اور سی ٹی او لاہور سے تجاوزات کے خاتمے سے متعلق رپورٹ 14مارچ کو طلب کر لی۔