جماعت اسلامی کی انتخابی مہم لانچنگ:ڈاکٹرطارق سلیم کنونشن کے کوآرڈینیٹر مقرر

1636
the same door

راولپنڈی : صوبائی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پنجاب انعام الحق اعوان نے کہاہے کہ 27فروری کوکنونشن سینٹراسلام آباد میں جماعت اسلامی پاکستان کا انتخابات2023 کنونشن منعقد ہورہا ہے جس کے لیے امیرصوبہ پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی قائم کردی گئی۔

صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان،رسل خان بابر،سیدعارف شیرازی،نصراللہ رندھاوا،اویس اسلم مرزا ممبران ہوں گے۔

کنونشن میں جماعت اسلامی کے انتخابی منشورپیش ہوگا اور امیرجماعت سراج الحق انتخابی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔کنونشن سے پاکستان بھرمیں انتخابی مہم کا آغازہوجائے گا۔

پنجاب اورخیبرپختونخواسے قومی وصوبائی اسمبلی کے نامزد امیدواران، خواتین، نوجوان،سیاسی وانتخابی شعبوں کے عہدیداران، اقلیتی برادری، کسانوں، مزدوروں، تاجر، صنعت کار برادری کے نمائندگان بھی کنونشن میں شریک ہوں گے۔

دریں اثنا اپنے ایک بیان میں امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ حکمران ہردن مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا کرکے ملک میں لاقانونیت،خانہ جنگی اور لوٹ مارکی راہ ہموارکررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے غلام وزرا کی فوج اور اپنی عیاشیاں کم کرنے کے بجائے عوام پر ٹیکس لگاتے ہیں۔ منی بجٹ اور 170 ارب کے نئے ٹیکس مستردکرتے ہیں۔ آئی ایم ایف کے قرض کا ملک وقوم کوکبھی فائدہ نہیں ہوا۔

ڈاکٹر طارق سلیم کا کہنا تھا کہ شہباز حکومت ہوش کرے۔ پٹرول،بجلی،گیس،ادویات،آٹا،آئل کی قیمتوں میں 50فیصدکمی کرکے عوام کوریلیف دے۔منی بجٹ اور 170 ارب کے نئے ٹیکسز سے بنیادی اشیائے ضروریہ مہنگی ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی آوازہے۔ مہنگائی کے خلاف تحریک میں تیزی لارہے ہیں۔ پنجاب بھرمیں حکومت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ 19فروری کو بھلوال سرگودھا میں مہنگائی اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف عوامی اکٹھ کررہے ہیں، جس سے امیرجماعت سراج الحق خصوصی خطاب کرکے اہل پنجا ب کولائحہ عمل دیں گے۔