منی بجٹ بل پارلیمنٹ سے منظور کروانے کافیصلہ،قومی اسمبلی کا اجلاس کل طلب

353
Parliament

اسلام آباد: صدر کی جانب سے آرڈیننس جاری کرنے کے انکار کے بعد وفاقی حکومت نے منی بجٹ منظور کرانے کیلئے کل قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا، مالیاتی بل میں 170 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اس دوران منی بجٹ سے متعلق آرڈیننس پر تفصیلی طور پر مشاورت کی گئی، وفاقی کابینہ نے ٹیکسوں کے نفاذ کیلئے مالیاتی بل کی منظوری دے دی، اجلاس میں منی بجٹ پر آرڈیننس لانے کی بجائے اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں کفایت شعاری مہم کیلئے اقدامات کی منظوری دیدی گئی، حکومت اخراجات کی بچت کےلیے سادگی پسند پروگرام کا آغاز کرے گی۔ سرکاری امور میں سادگی اختیار کرنے کےلیے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی۔