حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری کرلی

481
medicines

اسلام آباد: ادویات کی قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر امور کے جائزے کیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل جمعہ کو اسلام آباد میں طلب کرلیا۔ وفاقی حکومت نے سمری تیار کرلی۔

اجلاس میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے سمیت دس اہم نکات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ہارڈشپ کیٹیگری کے تحت 119 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری کا امکان ہے۔ اجلاس میں بخار کی گولی کی پرچون قیمت میں اضافے کی سمری کا جائزہ لیا جائے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 18 نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ قیمت کے تعین کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔20 اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی سمری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں رد و بدل ڈرگ پرائس کمیٹی کی سفارشات کے تحت کیا جا رہا ہے۔ ای سی سی اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام، گلگت بلتستان کو گندم پر سبسڈی کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پیراسٹامول سیرپ 120 ملی گرام (ایم جی) کی قیمت میں 12 روپے 18 پیسے اضافےکی تجویز کی گئی ہے، سمری منظور ہونے کے بعد پیراسٹامول سیرپ کی قیمت 104.82 سے بڑھا کر 117 روپے ہو جائے گی، پیراسٹامول 500 ایم جی گولی کی قیمت 80 پیسے بڑھانے کی تجویز کی گئی ہے، پیراسٹامول گولی کی قیمت 1.87 سے بڑھا کر 2.67 روپے کردی جائے گی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ملک میں ادویات کی قیمتوں میں 350 فیصد سے زائد اضافے کی سمری تیار کر لی گئی ہے، 119 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے وفاقی کابینہ کو سمری ارسال کردی گئی، ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ڈریپ اور وزارت صحت نے تیار کی، ٹائفائڈ، ملیریا، زکام اور دیگر ادویات مہنگی کرنے کی سمری بھیجی گئی ہے۔