حکمرانوں نے عوام کیلیے جرم یا خودکشی کے آپشنز ہی چھوڑے ہیں، حسین محنتی

839
abolition

کراچی: امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے ملک میں خوفناک مہنگائی وبے روزگاری کی ابتر صورتحال پر شدیدد تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ آئی ایم ایف کی شرائط پرسودی نظام معیشت ومہنگائی کے طوفان سے ملک کومزیدبحران سے دوچارکرنے کی بجائے قرضوں وسودی معیشت سے نجات ،سادگی وکفایت شعاری وعام آدمی کا معیارزندگی بھربنانے کے لیے عملی قدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ بے حس حکمرانوں نے عوام کے لیے 2 ہی راستے چھوڑے ہیں  کہ وہ لوٹ کھسوٹ، چوری ڈکیتی کرکے اپنی زندگی گزاریں یا وہ خودکشی کرکے اس بدترین معاشی زندگی سے جان چھڑا لیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مقامی ہال میں نیشنل کنزیومر موومنٹ سندھ کی ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر نومنتخب چیئرمین شہزاد مظہر، ڈپٹی کنوینرشیخ ارشد، جنرل سیکرٹری رانا عرفان، عبدالغفار، محمد اشرف و نعیم شیخ بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مہنگائی و بے روزگاری سے تنگ آکراورنگی ٹاؤن کے رہائشی فیضان کی خودکشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی رویے کی مذمت کی اور کہا کہ وزراء و بیوروکریسی کے اہلکار بڑی بڑی مراعات کے عیش اڑا رہے ہیں غریبوں خودکشیوں کا کسی کو کوئی احساس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں نیشنل کنزیومر موومنٹ کو اپنے کردار کو مؤثر کرنا ہوگا۔ ڈالر کی قیمت کا سبزی دال، چاول، آٹا، انڈے و گوشت کی قیمتوں میں اضافے سے کیا تعلق ہے۔کنزیومر کورٹ و ڈپٹی کمشنرز کے کردار کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔

محمد حسین محنتی نے نیشنل کنزیومر موومنٹ سندھ کے صدر سید صلاح الدین اختر کی نجی مصرو فیات پر ان کی رخصت قبول کرتے ہوئے سید شہزاد مظہر کو قائم مقام کنوینئر اور سید عبدالغفارکو پریس سیکرٹری مقرر کیا ہے۔