پاک، چین جانوروں کی کلوننگ ٹیکنالوجیز میں تعاون کریں گے

898

لاہور: چینی سیل بائیو ٹیکنالوجی کمپنی اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل نے جانوروں کی ان وٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف)اور کلوننگ کی تحقیق اور ترقی میں تعاون کے لیے ایک لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے ہیں۔

پی اے آر سی کے مطابق سیکرٹری پی اے آر سی ، محمد اسحاق، ڈائریکٹر رائل سیل بائیو ٹیکنالوجی (پاکستان)ڈاکٹر قیصر شہزاد، اورچیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی کی موجودگی میں ایل او آئی پر دستخط کیے گئے۔

ڈاکٹر قیصر نے بتایا کہ اس پیشرفت کے تحت، چینی کمپنی ،پی اے آر سی کی نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں جانوروں کی آئی وی ایف لیب کے قیام میں مدد کرے گی۔

کمپنی کے سائنسدان این اے آر سی میں پاکستانی سائنسدانوں کو جانوروں کی آئی وی ایف اور کلوننگ ٹیکنالوجی کی تربیت بھی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی پہلے ہی لاہور میں جانوروں کی ایک جدید ترین آئی وی ایف لیب قائم کر چکی ہے اور این اے آر سی میں ایسی ہی لیبز کے قیام میں پی اے آر سی کی مدد کرے گی۔

کمپنی کے سی ای او کن جنجی نے کہاجلد ہی چین کے گوآنگ ژی بفیلو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے سائنسدانوں کے ایک وفد کو مدعو کیا جائے گاجو25 ملین روپے مالیت کے کلوننگ کے سامان کے ہمراہ پاکستانی عملے کو کلوننگ ٹیکنالوجیز کی تربیت بھی دیں گے۔

اس کے بعد این اے آر سی کے سائنسدانوں کو تربیت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی پاکستان میں جانوروں کی کلوننگ پر تحقیق کرنے والی پہلی ٹیم ہوگی۔