پنجاب میں پیٹرول کی مبینہ قلت، بیشتر پمپس بند، عوام پریشان

726
shortage

لاہور: پٹرول مہنگا ہونے کی افواہوں کے ساتھ ہی مالکان نے پٹرول پمپ بند کرنا شروع کر دیئے۔

صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شکر گڑھ، ظفر وال، رحیم یارخان، چشتیاں، منڈی بہاؤالدین، قبولہ سمیت متعدد علاقوں میں شہری خوار، بلیک میں ڈلوانے پر مجبور ہو گئے۔

صوبے بھر میں پٹرول مزید مہنگا ہونے کی افواہوں کے ساتھ ہی مالکان نے گزشتہ 2 روز سے پٹرول پمپ بیریئر لگا کر بند کر دیئے، ایک شہری نے کہا کہ بچے کو چوٹ لگی ہے ہسپتال جانا ہے، پٹرول نہیں مل رہا، مہنگا ہی مل جائے، ذلیل ہو رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پمپ مالکان بلیک میں پٹرول فروخت کرنے والے مافیا کو پٹرول دینے میں مصروف ہیں، فی لٹر پٹرول 300 میں فروخت ہونے لگا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اپنے دفتروں تک محدود ہوگئی، پمپ مافیا شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگا، شہری پٹرول حاصل کرنے کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کم ہو رہی ہے۔