پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس؛ نیب کو22 فروری تک سپلیمنٹری ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت

316

لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ ریفرنس کیس میں نیب کو22 فروری تک سپلیمنٹری ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کردی۔

منگل کو احتساب عدالت لاہورمیں پیراگون ہائوسنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں خواجہ برادران وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔احتساب عدالت نے نیب کو 22 فروری تک سپلیمنٹری ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپلیمنٹری ریفرنس نہیں آتا تو خواجہ برادران کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کریں گے۔

جج احتساب عدالت نے کہا کہ پچھلی تاریخ پرسپلیمنٹری ریفرنس دینے کی ہدایت کی تھی جس پر نیب نے جواب دیا کہ ہمیں دو چار دن دے دیں جلدی ہو جائے گا۔عدالت نے کہا کہ جو دو چار دن میں متوقع ہے وہ پہلے کیوں نہیں کیا؟ نیب وکیل نے جواب دیا کہ اب مزید تاخیر نہیں ہوگی۔

امجد پرویز وکیل خواجہ برادران نے کہا کہ ویسے ہماری بریت کی درخواست پر نیب کا تحریری جواب آ چکا ہے، استدعا ہے کہ اگر نیب ریفرنس نہیں دیتا تو عدالت بریت کی درخواست کا اگلی سماعت تک فیصلہ کر دے۔احتساب عدالت نے سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔