انتخابی نتائج میں تاخیر کے باعث عوام بلدیاتی نمائندوں سے محروم ہیں، حافظ نعیم

369

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ یہ صورتحال انتہائی افسوسناک ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج تاحال لٹکے ہوئے ہیں اور الیکشن ہونے کے باوجود بلدیاتی انتخابی نتائج میں مسلسل تاخیر کے باعث تاحال عوام اپنے بلدیاتی نمائندوں سے محروم ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے بعد نتائج میں دھاندلی کر کے جماعت اسلامی کی چھینی گئی نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تیسری سماعت میں بھی کوئی فیصلہ نہ کرنے اور دو ہفتے بعد 22فروری کی تاریخ دینے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن ہو چکے ہیں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کی موجودگی کے باوجود پورا بلدیاتی نظام جیسے شہری حکومت کی صورت میں بروئے کار آنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  اس تباہ کن جمہوری صورتحال کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی فاشست صوبائی حکومت ہے، الیکشن کمیشن کو اس صورتحال میں جو کردار ادا کرنا چاہیئے تھا وہ اس نے ادا نہیں کیا ۔ الیکشن کمیشن کی صوبائی انتظامی مشنری دھاندلی اور تاخیر کے عمل میں مدد گار بنی ہوئی ہے اور مرکزی الیکشن کمیشن بھی تاریخیں دے رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جن بڑی پارٹیوں کو بلدیاتی انتخابات میں عوام نے مسترد کر کے کراچی میں چھوٹا کر دیا ہے ، بنیادی عوامی و جمہوری حقوق کی پامالی پر ان کی بھی خاموشی درحقیقت کراچی دشمنی اور جمہوریت دشمنی کا ثبوت دے رہی ہیں۔