شام و ترکی میں زلزلے کی تباہی سے قوم سوگوار ہو گئی ہے، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

542

  کراچی: عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے شام اور ترکیہ میں ہولناک زلزلہ کے باعث ہزاروں کی تعداد میں اموات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ اور گردونواح میں ہولناک زلزلے کی خبر پاکستانی قوم نے صدمے اور غم کے ساتھ سنی جس سے پوری قوم سوگوار ہوگئی ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں شام اور ترکیہ کے متاثرین کی بحالی کیلئے دونوں حکومتوں کی بھرپور مدد کرے۔

اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کو خط بھی ارسال کیا ہے جس میں عافیہ موومنٹ اور پاکستان کے عوام کی طرف سے قیمتی جانوں کے نقصان پر تعزیت کا اظہارکیاہے۔

 ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے موجود ہیں، پاکستانیوں کے دل ہمیشہ ہمارے ترک بھائی، بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اس مشکل وقت میں ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں ترکیہ اور شام کے بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہیں، ہم زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی بھائی اور بہنوں کی مغفرت اور اعلیٰ درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آپ کی ولولہ انگیز اور قابل قیادت میں عظیم ترک قوم جلد ہی اس بڑے انسانی المیے کے صدمے سے نکل آئے گی۔