شام میں زلزلے کے بعد داعش کے کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار

441
شام میں زلزلے کے بعد داعش کے کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار

دمشق:شمال مغربی شام کی جیل کے ذرائع نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ پیر کو تباہ کن زلزلے کے بعد قیدیوں نے بغاوت کر دی اور کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار ہو گئے۔

مزید پڑھیں: روس اور یوکرین نے  اعلانیہ 200 جنگی قیدیوں کا تبادلہ کرلیا

ذرائع کے مطابق ترکیہ کی سرحد کے قریب راجو نامی قصبے میں موجود ملٹری پولیس کی جیل میں تقریباً دو ہزار قیدی تھے، جن میں 13 سو کے قریب مبینہ طور پر داعش کے جنگجو تھے۔

اس جیل میں کرد فورسز کے جنگجو بھی قید تھے۔راجو جیل جو ترکیہ کے حامی دھڑوں کے زیر کنٹرول ہے، کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’زلزلہ آنے کے بعد راجو متاثر ہوا اور قیدیوں نے بغاوت شروع کر دی اور جیل کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا۔

تقریباً 20 قیدی فرار ہو گئے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ داعش کے جنگجو تھے۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 7.8 شدت کے زلزلے، جس کے بعد خطے میں درجنوں آفٹر شاکس آئے جس نے جیل کو نقصان پہنچایا اور دیواروں اور دروازوں میں شگاف پڑ گئے۔

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے کہا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ آیا قیدی فرار ہو گئے ہیں، لیکن اس نے جیل میں بغاوت کی تصدیق کی ہے۔