معروف ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق کا بھی جامعہ کراچی میں داخلہ

477

کراچی :قومی کرکٹ کے معروف کھلاڑی اسد شفیق کی صدر شعبہ ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسزجامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر باسط انصاری کے ہمراہ وائس چانسلرجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے وائس چانسلرسیکریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی۔

 اسد شفیق نے بتایا کہ وہ بھی اس سال سے جامعہ کراچی کے طالبعلم ہیں کیونکہ ان کاشعبہ ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز میں داخلہ ہواہے جس پر ڈاکٹر خالد عراقی نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ قومی کرکٹرز میں بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ ہورہاہے جولائق تحسین ہے۔

انہوں نے اسد شفیق کو بتایا کہ اسی سال قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی داخلہ لیا ہے جبکہ سعود شکیل اور سرفراز احمد پہلے ہی سے شعبہ ہذا میں زیر تعلیم ہیں۔

میں امید کرتاہوں ہمارے طلبہ آپ لوگوں کے تجربات سے بھرپوراستفادہ کریں گے اور انہیں سیکھنے کے بھی بہترین مواقع میسر آئیں گے، جامعہ کراچی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو فری شپ کی سہولت فراہم کررہی ہے ۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے انہیں مزید بتایا کہ جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلباوطالبات کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بھی بھرپورمواقع فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلاسکیں۔