پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتیں ناکام ہیں، لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں، سراج الحق

454
stability

پشاور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو خبر دار کیا ہے کہ اگر امن کے لئے منصوبہ پیش نہیں کیاگیا تو عوامی سمندر ان کے دفاتر تک پہنچ جائے گا اور جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

سراج الحق نے کہاکہ پولیس لائن میں دھماکے کے بعد خیبرپختونخوا کے عوام میں سخت غصہ پایا جاتا ہے اور یہ غصہ پورے پاکستان میں پھیل سکتا ہے اسی لئے مرکزی حکومت امن کے لئے منصوبہ پیش کرے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتیں ناکام ہیں اور ان کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں ۔جماعت اسلامی 8 فروری کو امن مارچ کر رہی ہے جس میں ہر طبقے کے لوگ شامل ہوں گے اور اس امن مارچ میں جماعت اسلامی پاکستان میں امن کیلئے منصوبہ پیش کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اس امن مارچ سے قبل ہی حکومت امن کیلئے اقدامات اٹھائے اور قوم کو منصوبہ پیش کرے ۔وزیراعظم کے پشاور آنے جانے سے کچھ نہیں بنا لیکن جماعت اسلامی پاکستانی قوم کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور امن کی ہر کوشش میں حکومت کا بھی ساتھ دے گی اور امن کیلئے قوم کے ساتھ بھی کھڑی ہو گی۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری بڑھ رہی ہے ۔آئی ایم ایف کی شرائط سے حالا ت مزید خراب ہوں گے جبکہ اوپر سے امن وامان کی خراب صورتحال نے عوام کو پریشان کر دیا ہے ۔پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت گزشتہ چار سالوں میں امن کیلئے اقدامات اٹھانے میں ناکام رہی جس کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال بگڑ گئی۔