جماعت اسلامی کا بقیہ یو سیز کے الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر احتجاج کا اعلان

431

  کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 2 دن میں کراچی کی بقیہ یو سیز میں انتخابات کی تاریخ نہ دی گئی تو احتجاج ہوگا، الیکشن کمیشن بتائیں کہ کراچی کی بقیہ یو سیز میں انتخابات کی تاریخ کس دباؤ کے تحت نہیں دی جا رہی؟

ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے بعد کا پراسس روکا ہوا ہے،  الیکشن کمیشن سندھ حکومت کا آلہ کار بنا ہوا ہے، حلقہ بندیوں کو بنیاد بنا کر الیکشن  سیراہ فرار نہیں چاہتے تھے، انہی حلقہ بندیوں پر ماضی میں بھی الیکشن ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ  تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے جب کہ الیکشن کے نتائج میں مسلسل تبدیلی کی کوششیں ہوتی رہیں، شہر نے ہمیں ووٹ دیا ہے، ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، جماعت اسلامی اس شہر میں تاریخی کام کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ اگر حکمران طبقہ عیاشیوں میں رہے گا تو ہم نعمتوں سے محروم رہیں گے۔کراچی پاکستان کا دل و دماغ ہے، اس شہر کونظر انداز نہیں کیا جاسکتا، کراچی بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم چاہتا ہے، بہترین سہولیات کی فراہمی سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف سے ہر وقت بھیک مانگنی پڑتی ہے، کراچی کی صنعتیں بہتر کرکے ہم معیشت میں تبدیلی لاسکتے ہیں، حکومت  کراچی کے عوام کو حق نہیں دیتی، مردم شماری میں بھی کراچی والوں کے ساتھ دھاندلی ہوتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی ساڑھے3کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے، کراچی کے ساتھ ہمیشہ زیادتی ہوتی ہے، کراچی پورے ملک  کی معیشت چلاتا ہے، ہر شہری کو یہ حق حاصل ہونا چاہے کہ وہ خود کو چیک کرسکے کہ اس کا اندراج ہوا ہے یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ مردم شماری کے ایس او پی کو واضح نہیں کیا جارہا ہے۔جو شخص جہاں رہائش پذیر ہے اسے وہی گنا جائے۔اگر صیح معنوں میں مردم شماری ہوگی تو کراچی کی صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ ہوگا۔