فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ غیر قانونی قرار، گھریلو صارفین کو 500 یونٹ تک سبسڈی دینے کا حکم

366
Additional Judges

لاہور: عدالت عالیہ نے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی وصولی غیرقانونی قرار دیتے ہوئے گھریلو صارفین کو 500 یونٹس تک سسبڈی دینے کا حکم جاری کردیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے بجلی کے بلوں میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سے متعلق عوام کے حق میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ غیر قانونی ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ بجلی کے گھریلو صارفین کو 500 یونٹس تک سبسڈی دی جائے۔ علاوہ ازیں عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرے اور صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ وصول کرنے کے حکومتی اقدام کو مختلف شہریوں کی جانب سے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے جسٹس علی باقر نجفی نے اظہر صدیق سمیت دیگر شہریوں کی درخواستوں پر آج سنایا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے دیے گئے فیصلے سے اس نوعیت کی تمام درخواستوں کو نمٹا دیا گیا۔