مستحکم اور خوشحال پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے،  ضیاء الدین انصاری

553

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ مضبوط، مستحکم اور خوشحال  پاکستان  ہی کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے، حکمرانوں کی بے حسی اور مجرمانہ غفلت سے کشمیری مسلمان  آج تک آزادی سے محروم ہیں۔

ضیاء الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور ہمارے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرکے کشمیرہٹرپ کرلیا ہے،  کشمیری ماؤں اور بہنوں کی عزتوں کے ساتھ کھیلا جارہا ہے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  ایک طرف کشمیری مدد کیلئے پاکستانی افواج اور حکمرانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں تو دوسری طرف  بے حس حکمران نعروں، تقریروں اور ترانوں سے کشمیر کی آزادی کے منتظرہیں جوسراسر بزدلی کی اعلی مثال ہے۔ پاکستان کا ہر  بچہ، نوجوان او ربوڑھا کشمیر کی آزادی اور بھارتی جارحیت کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہاکہ  کشمیرکی آزادی سے ہی پاکستان کا استحکام اور سلامتی وابستہ ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے لیکن بدقسمتی سے ہماری شہ رگ پر بھارت نے قبضہ کررکھا ہے اور ہم اقوام متحدہ میں احتجاجوں اور تقریروں تک محدودہیں جو قابل مذمت ہے ۔   پوری پاکستانی قوم کشمیر پر اور کشمیریوں کی قربانیوں پر کسی سودے بازی کو قبول نہیں کریگی۔

ضیاء الدین ایڈکیٹ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمن  سے قوم پوچھتی ہے  کہ کشمیر کی آزادی  کیلئے آپ کہاں کھڑیں  ہیں؟  ، پی ڈی ایم نے کشمیر کی آزادی کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں؟