مقبوضہ کشمیر دنیا کاسب سے بڑا قید خانہ، حکمرانوں نے اپنا حق ادا نہیں کیا، سراج الحق

374
get power

اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق  نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ ہے،ڈرہے کہ ان حکمرانوں کے ہوتے سری نگرکے بعد مظفرآباد اور گلگت بلتستان بھی ہاتھ سے نہ نکل جائے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم آج پوری قوم نے دہرایا، مظلوم کشمیری قوم 200سال سے آزادی کے لیے تڑپ رہی ہے، انگریز نے کشمیری قوم کو گلاب سنگھ کے ہاتھوں فروخت کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ اوسطا 3 کشمیری نوجوان شہید ہو رہے ہیں، اب تک دو لاکھ کشمیری شہید ہو چکے، مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ ہے، کشمیر کے چھوٹے سے خطے میں 9 لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج موجود ہے، کشمیر میں نوجوان ماں کے سامنے قتل اور نوجوانوں کے سامنے ماں بہنوں کی عصمت دری کی گئی، کشمیری بزرگوں نے اپنے بچوں کو آزادی، شہادت اور جہاد کا درس دیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومتوں کے پاس کشمیر کی آزادی کے لیے کوئی منصوبہ نہیں ہے، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی کشمیرکے حق میں قراردادوں پر سب اندھے گونگے بہرے ہیں، پاکستان کے حکمرانوں نے اپنا فرض اور حق ادا نہیں کیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا پاکستان کی فوج بہادر اور دلیر ہے، اگر کشمیریوں نے جدوجہد ترک کی تو پاکستان کو پانی کا ایک قطرہ نہیں ملے گا، شہباز شریف،عمران خان اور آصف زرداری نے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا، ان سیاسی حکمرانوں نے پاکستان کی غیرت مند قوم کو ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کیا، حکمرانوں نے ہمیں ورلڈ بینک کا غلام بنا دیا ہے۔