پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھارت ملوث ہے، جاوید قصوری

444

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے پیچھے بھی بھارت ملوث ہے، گجرات کا قصائی مودی، جنوبی ایشیائی خطے میں چوہدراہٹ قائم کرنے کے لئے پاگل ہو چکا ہے، اس کا یہ خواب کبھی پورے نہیں ہو گا۔

محمد جاوید قصوری نے کہاکہ  پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہم نے ہمیشہ ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کی بات کی ہے مگر بھارت نے کلبھوشن نیٹ ورک کے ذریعے بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں دہشت گردوں کی ہر لحاظ سے مد د کی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دفاعی بجٹ میں 13فیصد اضافہ قابل مذمت ہے اس سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہو گا ،دفاعی بجٹ میں اضافہ چین اور پاکستان سے سرحدی تنازعات کو جواز بنا کر کیا گیا ہے ۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ دنیا گواہ ہے کہ بھارت نے ہمیشہ جارحیت کو ہوا دی اور پاکستان کے اندر دہشت گردی کو پروان چڑھانے میں پس پردہ کردار ادا کرتا رہا ہے،  آج جماعت اسلامی 5فروری کو کشمیری بہن بھایئوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے۔