قومی کھلاڑی محمد حفیظ جامعہ کراچی کے طالبعلم بن گئے

1364

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان محمد حفیظ کراچی یونیورسٹی کے طالب علم بن گئے۔

لاہور میں قیام پذیر  اپنے دور کے معروف  42سالہ بیٹر نے انٹر میڈیٹ کی بنیاد پر شعبہ ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈاسپورٹس سائنسز کے ایوننگ پروگرام میں داخلہ حاصل کرلیا، وہ 4 سالہ کورس مکمل کرنے کے بعد  جامعہ کراچی سے ڈگری حاصل کریں گے۔

کرکٹ کے حلقوں میں پروفیسر کے نام سے معروف  محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کرکٹ مصروفیات کے سبب  تعلیمی سفر جاری نہیں رکھ سکے تھے، تاہم اب وہ اپنی علمی استعداد میں اضافہ کے لیے ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈاسپورٹس سائنسز کی تعلیم حاصل کریں گے۔

55 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے  محمد حفیظ جمعہ کو جامعہ کراچی پہنچے تو ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا اور گلدستے پیش کیے گئے۔

محمد حفیظ  نے شعبہ پروفیسرڈاکٹر باسط انصاری کے ہمراہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی سے ملاقات کی اور اپنے جذبات سے آگاہ کیا۔ وائس چانسلر نے  ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید  ظاہر کی کہ جامعہ کراچی کے طلبہ  سابق ٹیسٹ کپتان  کے اسپورٹس تجربات سے مستفید ہوں گے۔

واضح رہے کہ  سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد بھی اسی شعبہ میں  ایم ایس اسی کے طالب علم ہیں  جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹر سعود شکیل بھی  جامعہ کراچی کے باقاعدہ طالب علم ہیں۔