وزیر اعظم نے کراچی نیوکلئیر پاور پلانٹ کے تھری منصوبے کا افتتاح کردیا

432

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی شراکت سے تعمیر ہونے والے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے تھری منصوبے کا افتتاح کر دیا اس منصوبے سے 1100 میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کینپ میں 1100 میگا واٹ کے جوہری توانائی منصوبے کے تھری کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر توانائی خرم دستگیر خان اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے،کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ (KANUPP) کے تیسرے یونٹ (K-3) کے آغاز سے کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ سے بجلی کی مجموعی پیداوار 2200 میگاواٹ ہو جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کے تھری منصوبے کا افتتاح میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان کو سستے اندھن کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں 60 ہزار میگاواٹ ہائیڈرل پاور کی صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان توانائی کی مد میں 27 ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات برآمد کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کے تھری کے افتتاح سے بجلی کی پروڈکشن 2200 میگا واٹ تک پہنچ جائے گی، کے تھری بجلی گھر منصوبے سے سستی بجلی بنائی جا رہی ہے، کینپ تھری سے 12 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی بنائی جا رہی ہے۔