معاشی بحران کے ساتھ صنعتکاروں کی جان محفوظ نہ ہونا تشویشناک ہے، کاٹی

440
industrialists

کراچی: کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے گزشتہ روز معروف صنعتکار پر حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے  کہا کہ صنعتکاروں کیلئے حالات بد سے بدتر کئے جا رہے ہیں، پہلیہی   معاشی بحران سے کاروبار تباہی کا شکار ہے، اب زندگی بھی محفوظ نہیں۔ ایسے میں خوف و ہراس کی فضاء میں کاروبار کرنا نا ممکن ہے۔

ان کا کہناتھا کہ یہ مذموم سازش لگ رہی ہے کہ پہلے ملک کو معاشی طور پر عدم استحکام میں مبتلا کیا جائے پھر سرمایہ کاروں کو ڈرا دھمکا کر ان پر قاتلانہ حملے کرکے ملک چھوڑ کر جانے پر مجبور کر دیا جائے۔

فراز الرحمان کامزید  کہناتھاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس صورتحال پر قابو پائیں اور سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کریں۔ صدر کاٹی نے کہا کہ قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کی جلد نشاندہی کرکے انہیں سخت سزائیں دی جائیں تاکہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں میں خوف و ہراس  کی فضا خاتمہ ہو اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کرتے ہوئے اپنا کاروبار جاری رکھی سکیں۔

فراز الرحمان نے کہا کہ اگر ملزمان کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا اور دیگر کیسسز کی طرح یہ کیس بھی صرف تفتیش اور طویل انتظار کی نظر ہوگیا تو خدشہ ہے کہ سرمایہ کار اور صنعتکار اپنا کاروبار ختم کرکے سرمایہ بیرون ملک منتقل کردیں گے تاکہ ان کی اور ان کے اہل خانہ کی زندگی محفوظ رہے۔