اسلامی جمعیت طلبہ کا 70 واں سالانہ اجتماع برائے ارکان کل سے شروع ہوگا

285

لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا سالانہ 3 روزہ مرکزی اجتماع سائٹ کراچی کے گورنمنٹ ٹیکنالوجی میں کل سے شروع ہوگا، اجتماع میں شرکت کے لیے سینکڑوں ارکان کراچی پہنچ گئے ہیں۔

 جمعیت کے مرکزی ترجمان عدیل چوہدری کے مطابق 3 روزہ اجتماع میں امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق، نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، متوقع میئر کراچی حافظ نعیم الرحمان، سینیٹرمشتاق احمدخان اوردیگرقائدین خطاب کریں گے۔

 اجتماع کا بنیادی ایجنڈا آئندہ سال کے لیے جمعیت کے مرکزی ناظمِ اعلیٰ کا انتخاب ہے، دو ہزار سے زائد ارکان جمعیت نئی قیادت کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے کریں گے، نئے ناظم اعلیٰ کے نام کا اعلان چیف الیکشن کمشنر پروفیسر شاہد ہاشمی کریں گے جبکہ ناظم اعلیٰ کی حلف برداری اجتماع کے آخری روز ہوگی۔

 مرکزی اجتماع کے لیے شہر بھر میں خیرمقدمی بینرز لگائے گئے ہیں جبکہ کینٹ اور سٹی ریلوے اسٹیشن، ایئرپورٹ، سہراب گوٹھ اور صدر بس اسٹینڈز پر استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔

 جہاں سے مہمانوں کو اجتماع گاہ تک لے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ شرکاء کے قیام اور کھانے کے لیے بھی اجتماع گاہ کے قریب خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اجتماع کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔