سول اسپتال سے ایمرجنسی اور کارڈیووارڈز منتقلی کا گورنر سندھ نے نوٹس لے لیا

291
governor

میرپور خاص:سول اسپتال سے ایمرجنسی اور کارڈیووارڈز منتقلی کا گورنر سندھ نے نوٹس لے لیا۔ایم کیو ایم میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے وفد کی ملاقات کے بعد گورنر سندھ کی ہدایت پر سیکریٹری ہیلتھ کو خط لکھ دیا گیا۔

گورنر سیکریٹریٹ سے جاری خط میں قانون کے مطابق عوام کے دیرینہ مطالبہ پرعملدرآمد کا کہہ دیا گیا۔ ایمرجنسی و کارڈیو وارڈز سمیت متعدد وارڈز کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقلی سے شہری فوری علاج کی سہولت سے محروم ہوگئے تھے۔گذشتہ دنوں متحدہ وفد نے گورنر سندھ سے ملاقات کے دوران مذکورہ وارڈز کی بحالی کا مطالبہ پیش کیا تھا۔

ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے وفد نے گورنر سندھ سے ملاقات کے دوران انہیں بتایاتھا کہ نوتعمیر شدہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کو فعال بنانے کے لئے سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ اورکارڈیو وارڈ سمیت متعدد وارڈز کو اچانک بند کردیا گیا ہے جس سے شہر کے لاکھوں عوام 6 کلومیٹر دور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جانے پر مجبور ہیں اور ان گنت ایمرجنسی و کارڈیو کے مریض فوری طبی امداد نہ ملنے کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

وفد نے مطالبہ پیش کیاتھا کہ سول اسپتال میرپورخاص کو حیدرآباد کی طرز پر اسپشلسٹ،ڈاکٹرز،ادویات اور فنڈز مہیا کئے جائیں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایمرجنسی و کارڈیو وارڈز کی منتقلی کا فوری نوٹس لیا جس کے بعد مورخہ 13جنوری کوگورنر سیکریٹر یٹ سے جاری کردہ خط میں سیکریٹری ہیلتھ کو سول اسپتال کے مذکورہ وارڈز کی بحالی کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے اور گورنر سندھ سیکریٹریٹ کو مطلع کرنے کا کہا گیا ہے۔