ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کرکٹ کو کھیل کی میراث قرار دے دیا

449

سڈنی:آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بیٹر ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ وہ ریڈ بال کرکٹ کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں کیونکہ عالمی کرکٹ کے افق پر اب بہت سی ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلی جا رہی ہیں۔

آسٹریلین کرکٹ کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ مجھے اس بارے میں تھوڑا سا خوف ہے کہ اگلے 5یا 10سالوں میں کیا ہونے والا ہے اور کرکٹ حقیقت میں کس طرف جا رہی ہے، میں ان لڑکوں کو پسند کروں گا جو حقیقت میں ریڈ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں کیونکہ یہی کرکٹ کی اصل میراث ہے۔

آسٹریلوی اوپنر نے کہا کہ عالمی کرکٹ میں لیگز کی بھرمار سے حقیقی کرکٹ کو سخت خطرہ ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کرکٹ کے اصل حسن ریڈ بال کرکٹ کی بقا کے لیے کام کیا جائے۔

ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ آنے والے دنوں میں لیگز کا سیلاب ٹیسٹ کرکٹ کو بہا کر لے جائے گا، کھلاڑیوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب کے آگے بند باندھیں۔