ریلوے نے ٹرین کرایوں میں 8 فی صد اضافہ کردیا

790

لاہور: پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرایے میں 8 فیصد تک کا اضافہ کردیا۔

ترجمان محکمہ ریلوے کے مطابق کرایے میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا ، تاہم اس کا اطلاق گرین لائن پر نہیں ہوگا ۔ تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرایے بڑھا دیے گئے ہیں۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ریلوے مسافروں پر یومیہ ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافی بوچھ پڑے گا۔

پاکستان ریلویز ہیڈ کوارٹرز لاہور سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ 15 فیصد اضافے سے پاکستان ریلوے پر یومیہ 11.725 ملین روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔ آپریشن کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ادارے کے لیے کرایوں کو ریشنلائز کرنا از حد ضروری اور ناگزیر ہو چکا ہے۔

ریلوے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں 15 فیصد اضافے کے باوجود ریلوے انتظامیہ نے گرین لائن ٹرین کے سوا تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز کرایوں میں 8 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

محکمے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ریلویز اپنے مسافروں کی قدر کرتا ہے اور کسی بھی غیر ضروری اضافے کی کبھی حوصلہ افزائی نہیں کرتا، لیکن انہی کرایوں پر آپریشن سے پاکستان ریلوے پر اگلے 5 ماہ میں 5.46 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا جس کا ادارہ متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان ریلوے اپنے معزز مسافروں سے تعاون کی امید رکھتا ہے۔