بابر اعظم کی نئی آئی سی سی رینکنگ میں بادشاہت برقرار

683

دبئی: آئی سی سی کی جانب سے نئی رینکنگ جاری کردی گئی ہے، جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں اپنی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی رینکنگ کے مطابق قومی کپتان بابر اعظم 887 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ مینز بیٹنگ پلیئرز میں سرفہرست ہیں۔ دوسری جانب جنوبی افریقا کے راسی وین ڈیرڈوسن 795 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور کوئنٹن ڈی کاک 750 پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

نئی جاری کی گئی رینکنگ میں آسٹریلین ڈیوڈ وارنر 747 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر ہیں جب کہ پاکستانی ٹیم کے اوپنر امام الحق کے 740 پوائنٹس ہیں، جس کی بنیاد پر وہ رینکنگ میں 5 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بھارتی شبمن گل کا 734 پوائنٹس سے چھٹا اور کوہلی کا 727 پوائنٹس کے ساتھ ساتواں نمبر ہے۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق بھارت کے کھلاڑی سوریا کمار یادیو 908 پوائنٹس کے ساتھ اول اور پاکستانی ٹیم کے محمد رضوان 836 پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے 788 پوائنٹس کی بنیاد پر تیسرے اور قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی میں چوتھی پوزیشن ہے۔

بالرز کی ون ڈے رینکنگ میں بھارتی ٹیم کے محمد سراج کا پہلا نمبر ہے۔ ان کے علاوہ  ٹاپ 10 میں شامل واحد پاکستانی بالر شاہین شاہ آفریدی آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔