الیکشن کمیشن دھمکی کیس: فواد چودھری اڈیالہ جیل سے رہا

664

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو الیکشن کمیشن دھمکی کیس میں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی کے روبرو تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے خلاف الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں فواد چودھری کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت سینئر وکیل سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان اور تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے فواد چودھری کی ضمانت 20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ ضمانت اس شرط پر دی جا رہی ہے کہ فواد چودھری دوبارہ ایسی گفتگو نہیں کریں گے۔

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن اور پراسیکیوشن کی جانب سے فواد چودھری کی ضمانت کی مخالفت کی گئی تھی۔بعد ازاں روبکار موصول ہونے پر فواد چودھری کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔