دہشتگردی کیخلاف ضرب عضب جیسا آپریشن شروع ہونا چاہیے، وزیر دفاع

375

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امید ہے وزیر اعظم آپریشن ضرب عضب جیسا فیصلہ کریں گے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کرسکتی ہے۔

قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ ہم نے اپنا پورا کا پورا ملک گروی رکھ دیا ہے،ہمیں امریکا کے کہنے پر جنگ نہیں لڑنی چاہیے،چاہتےہیں امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں،مگر ان کی باتوں پر عمل نہیں کرناچاہیے۔

وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آجکل ایک شخص باؤلا ہوگیاہے جو کبھی کہتاہے کہ خطرناک ہوجاؤں گا اور کبھی کچھ اور ہوجانے سے ڈراتا ہے، پشاور واقعے کی جتنی مذمت کی جانی چاہئے اتنی آواز نہیں آ رہی،دہشتگردی کے خلاف ساری قوم کو متحد ہونا چاہئے۔

 خواجہ آصف نے کہاکہ اس جنگ میں کوئی لکیر نہیں کھینچی گئی، دہشتگردی کسی مذہب یا فرقے کی پہچان نہیں رکھتی،ایوان میں اس مسئلے پر صرف تقریر نہیں ہونی چاہیے، ہمیں خوداحتسابی کی ضرورت ہے۔

وزیردفاع  کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے بیج ہم نے خود بوئے ہیں، افغانستان میں روس نے مداخلت کی تو ہم نے اپنی سروسز کرائے پر دیدیں، امریکہ کے واپس جانے کے بعد ہم 10 سال تک ان حالات سے نمٹتے رہے، وہ 10 سال گزرے نائن الیون آ گیا، پریڈ لین کی مسجد میں جو کچھ ہوا وہ سب کو یاد ہو گا۔