روس سے معاملات طے ہونے کے بعد سستا تیل پاکستان کو ملے گا، سعد رفیق

566

لاہور:وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت سابقہ حکومت کا گند صاف کر رہی ہے،روس سے معاملات طے ہونے کے بعد امید کرتے ہیں کہ سستا تیل پاکستان کو ملے گا جس سے تیل کی قیمتوں میں کمی ہو سکے گی،گرین لائن کے چلنے سے ریلوے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے اس وقت مالی بحران کا شکار ہے اور حالیہ تیل کی قیمتوںمیں اضافے سے ریلوے کو مزید جھٹکا لگا ہے،ہم 7 سے8فیصد کرایوں میں اضافہ پر غور کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان ریلوے ساڑھے پانچ ارب کا مزید خسارہ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پہلے ہی ہمارا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ہمارے ادارے میں پنشنر اور تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹ آرہی ہے، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے کما کر اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کر تے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ  پاکستان ریلوے پانچ شیڈولز میں اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرتا ہے جن میں سے تین شیڈولز کی ادائیگی ہو چکی ہے بقیہ کی ادائیگیا ں کل تک ہو جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ گرین لائن ٹرین کو موثر انداز سے دوبارہ شروع کر دیا ہے اور اس سے ریلوے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ موجودہ دور کا موازنہ عمران خان حکومت سے کرتے ہیں وہ محمد نواز شریف کے گزشتہ چار سالہ دور حکومت سے موازنہ کریں،ہم آئی ایم ایف کو الوداع کہہ چکے تھے مگر عمران خان کی حکومت دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس چلی گئی اور آج حالات سب کے سامنے ہیں۔