جب تک اللہ کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی،ملک آگے نہیں بڑھے گا، راشد نسیم

480

لاہور:نائب امیرجماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا کہ جب تک پاکستان میں اللہ کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی،ملک آگے نہیں بڑھے گا، استعمار کے غلاموں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا۔

منصورہ میں ضلع بونیر کے کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے راشد نسیم نے کہا کہ آج معاشی پالیسیاں عوامی مفادات کے تحت نہیں آئی ایم ایف کے کہنے پر تشکیل پاتی ہیں، مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کا واحد راستہ ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے اور صرف جماعت اسلامی ہی یہ انقلاب برپا کر سکتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اپنی نہیں اللہ کی حکمرانی قائم کرے گی جس میں عوام اور اقتدار پر بیٹھے افرادکے درمیان کوئی فاصلہ نہیں ہو گا، جس میں غریب اور امیر کی تفریق ختم ہو گی اور پاکستان مدینہ کی اسلامی ریاست کے اصولوں کے مطابق چلے گا۔

 نائب امیرجماعت اسلامی نے کہاکہ جماعت اسلامی کی حکومت پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی یا ن لیگ کی طرز پر نہیں بلکہ قرآن و سنت کے بتائے ہوئے طریقوں پر استوار ہو گی۔ دنیا کے مسائل کی وجہ دین فطرت سے دوری ہے، انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نجات دلانے کا واحد راستہ دین فطرت کے نظام کا نفاذ ہے۔