دہشتگرد تنظیموں کے اتحادی عمران خان خود ہیں،عمران سابق صدر سے معافی مانگے،شیری رحمان

333

اسلام آباد:وفاقی وزیر موحولیاتی تبدیلی اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری پر جھوٹے اور من گھڑت الزام پر پیپلز پارٹی کے چاہنے والوں، عہدیداران اور کارکنان نے شدیدغصے کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا ارداہ رکھتی ہے، اس طرح کی الزام تراشی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران خان اب عدالت میں ثبوت پیش کریں یا اپنے جھوٹ پر سابق صدر آصف زرداری سے معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ دوسروں پر الزام تراشی کر کے سیاست میں متعلقہ رہنے کی کوشش کی ہے، جس شخص نے آج تک شہید بی بی کے قتل کی مذمت نہیں کی وہ آصف زرداری پر دہشتگرد تنظیم پر پیسہ لگانے کا الزام لگا رہا ہے، دہشتگرد تنظیموں کے اتحادی عمران خان خود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ دہشتگرد تنظیموں کے سامنے دیوار بن کر کھڑی رہی ہے، ہم اس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جس کی قائد نے سرعام دہشتگردوں کو چیلنج کیا، صدر زرداری نے شہید بی بی کے وعدے کے مطابق سوات میں پاکستان کا پرچم لہرایا۔