متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے شہر بھر میں لال حویلی سمیت 7 یونٹس سیل کردیے

468

راولپنڈی:متروکہ وقف املاک راولپنڈی نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی راولپنڈی میں آبائی رہائشگاہ لال حویلی کو سیل کر دیا ، محکمہ متروکہ وقف املاک نے علی الصبح ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی کی۔

ایڈمنسٹریٹر محکمہ متروکہ وقف املاک آصف محمود نے بتایا کہ محکمہ نے راولپنڈی میں شیخ رشید کی لال حویلی سمیت 7 یونٹس کو سیل کیا ہے جبکہ لال حویلی کے ایک یونٹ کی رجسٹری کی تصدیق کے لیے حکام کو لکھ دیا ہے، رجسٹری تصدیق پر سیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

آصف محمود نے کہا کہ لال حویلی سرکاری اراضی ہے جس پر عرصہ دراز سے قبضہ کیا گیا ۔لال حویلی سیل کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔ محکمہ اوقاف نے لال حویلی کے تمام داخلی دروازوں پر سرکاری تالے لگا کر سیل کر دیئے ہیں۔