میری ذاتی ملکیت کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی کھلی بدمعاشی ہے،شیخ رشید

329
economic crisis

راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میری ذاتی ملکیت کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی کھلی بدمعاشی ہے، حکومت چاہتی ہے یہاں لڑائی ہو ، آنسو گیس چلے اور مقابلہ ہو۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح سویرے پونے چار بجے لال حویلی کو سیل کرنے کی کارروائی کی گئی ، سیل کرنے سے قبل انہیں کوئی نوٹس نہیں بھیجا گیا ، اگر یہ غیر قانونی قبضہ ہے تو عدالت جائیں، ہمارے خلاف کیس کریں اور مجھے نااہل قرار دیں۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ نے لال حویلی کو مکمل طور پر سیل کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں حویلی میں موجود نہیں تھا، اسلام آباد میں تھا، یہ رات میں مجھے گرفتار کرنا چاہتے تھے، میں ادھر ادھر ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لال حویلی ہماری ملکیت ہے، انہوں نے بہانہ بنا کر لال حویلی کو سیل کیا ہے، اگر لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت نہیں تو ہمیں چوک پر لٹکا دیا جائے، یہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کی توجہ ہٹائی جائے، یہ اب بدمعاشی پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لال حویلی کے گردونواح میں 19 مزید لوگ ہیں ایک پورشن ہمارے پاس ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت چاہتی ہے یہاں لڑائی ہو ، آنسو گیس چلے اور مقابلہ ہو، میری ذاتی ملکیت کے خلاف کارروائی کرنا حکومت کی کھلی بدمعاشی ہے۔

#