ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں 4 روزہ ورکشاپ کا انعقاد

661

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں ریسرچ سیکشن کے تحت 4 روزہ ورکشاپ کا انعقاد بورڈ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا ۔

ورکشاپ میں محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت نہم و دہم سائنس وجنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2023ء کے لیے مختلف مضامین کے نئے ماڈل پیپرز کی تیاری کے لیے ماہرین اساتذہ نے خصوصی شرکت کی۔

افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں کراچی بورڈ کے بنائے ہوئے ماڈل پیپرز کو بڑی اہمیت حاصل رہی ہے اور یقیناً اساتذہ کرام کی محنت و اخلاص اور پرچہ سازی کے عمل میں ان کی مہارت کی بدولت ہی یہ ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے نظام امتحانات میں مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر، ریسرچ ایسوسی ایٹ ایم اے جعفری اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا۔

سیکریٹری بورڈ سید محمد علی شائق نے کہا کہ اساتذہ کی زیر نگرانی فروری کے دوسرے ہفتے میں ماڈل پیپرز کو تیار کر کے طلباء و طالبات کی رہنمائی کیلئے جلد ہی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کر دیا جائے گا۔

ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں اور خاص طور پر اساتذہ کرام کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے 2009ء سے اب تک بنائے جانے والے ماڈل پیپرز کا ذکرکرتے ہوئے اساتذہ کرام کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ پرچہ سازی کا عمل نظام امتحانات میں بنیادی اہمیت کاحامل ہے اسی لیے اس ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا تاکہ ماڈل پیپرز کی تیاری کا کام باہمی مشاورت کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔

اس موقع پر شعبہ سائنس کے کنوینر محمد عبداللہ نے اساتذہ کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ پرچہ سازی کے عمل کے دوران ہمیں جدید تیکنیکس کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ طلبہ کی تخلیقی اور تجزیاتی صلاحیتیں پروران چڑھ سکیں۔

ورکشاپ کی ایک اور کنوینر ڈاکٹر رخسانہ صبا نے کہا کہ سائنسی و سماجی علوم کی تدریس میں زبان کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اس لیے ماڈل پیپرز کی تیاری میں متوازن رویہ اختیار کر کے طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے سوالات شامل کرنے کی ضرورت ہے جن سے طلبہ میں زبان دانی کی صلاحیتوں کو فروغ مل سکے۔

جنرل گروپ مضامین کے کنوینر ڈاکٹرسعید احمد صدیقی نے کہا کہ آئندہ امتحانات کی تیاری کے لیے طلباء و طالبات کے لیے ماڈل پیپرز جاری کیے جا ر ہے ہیں۔