پی ٹی آئی کا ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

438
nationwide

لاہور: تحریک انصاف نے تحریک انصاف کے 33اراکین کے استعفے کے باعث خالی ہونے والی 33 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے اور ان تمام نشستوں سے امیدوار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہی ہوں گے۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور پارلیمانی کمیٹی کا  اجلاس  ہوا، جس کی صدارت عمران خان نے کی،اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، تحریک انصاف کے اجلاس میں4 قراردادیں منظور کی گئیں۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں پامال کیے جانے والے بنیادی حقوق پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور اور آئین کی مختلف شقوں سے انحراف پر بھی تبادلہ خیال ہوا جس کے بعد ایک سیاسی لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے پارٹی کی سینئر قیادت کو اعتماد میں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں چار قراردادیں منظور کی گئیں جس میں پہلی قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت عدلیہ اور قوم کی توجہ دستور پاکستان کی ناقابل تنسیخ حصے کی جانب مبذول کرانا چاہتی ہے جو مقننہ کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر ہر صورت انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے اور اس مدت میں ایک روز کا اضافہ بھی ممکن نہیں۔