پیٹرول کی قیمت بڑھانے  سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، حافظ سعدحسین رضوی

669

حافظ آباد: تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے سربراہ حافظ سعدحسین رضوی نے کہا ہے کہ ان حکمرانوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے، آج پیٹرول اڑھائی سو روپے لٹر کردیاگیا ہے۔جس سے مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا، ملک کو گذشتہ 75برسوں میں تمام حکمرانوں نے دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔

حافظ سعد حسین رضوی نے کہاکہ  اب بھی حکمرانوں کی لڑائی قوم کے لئے نہیں بلکہ اپنی عیاشیوں اور بدماشیوں کے لئے ہے، حکمران کہتے ہیں کہ قوم ڈالر اور پیسہ باہر نہیں نکالتی۔جب قوم کو پتہ ہے کہ ملک پر تمام ڈاکومسلط ہیں تو وہ پیسہ کیسے باہر نکالے۔قوم کے لئے انہوں نے آج تک کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہاکہ  نواز شریف ایسا بھیڑیا ہے جس کے دانت بھی گرگئے لیکن وہ پھر بھی شکار کرنے کے درپے ہے،ہم پوچھتے ہیں کارگل کس نے بیچا، کشمیر کا سودا کس نے کیا، عافیہ صدیقہ کو کس نے امریکا کے حوالے کیا؟ ریمنڈ ڈیوس کو کس نے باہر بھیجا؟اور ایبٹ آباد میں حملہ کس نے کروایا؟

سربراہ ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ  یہ سب ان گھنونے کاموں میں ملوث نظر آئیں گے۔ اس ملک میں دوخاندانوںنے اپنی باریاں لگارکھی ہیں،  پچہتر برس بیت گئے یہ لوگ اگر 175برس بھی یہ حکمرانی کرلیں تو پھر بھی عوام کی حالت نہیں بدل سکیں گے۔اسی لئے عوام آج کہہ رہے ہیں کیا ہم ان کفن چوروں کو ووٹ دیں،  اس ملک میں نظام مصطفے ۖکا سور ج طلوع ہوگا تو عوام کے مقدر کا ستارہ چمکے گا۔انہوںنے مزید کہا کہ وہ قومیں جو اپنے آپکو قوانین کی پابند اور مہذب کہلاتی ہیں وہی قرآن پاک کی بے حرمتی کررہی ہیں۔ یہ قوانین کی پابند نہیں بلکہ یہ بین الاقوامی گماشتے ہیں ۔