گرین الائنس اور کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچرپر فریم ورک بنائیں گے جس سے کسان مستفید ہوگا، مسعودخان

463

واشنگٹن:پاکستانی سفیرامریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ ملک میں ماحولیاتی تبدیلی کے موافق نظام کے قیام کے ضمن میں پاکستان امریکہ کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔

گرین الائنس اور کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر جیسے حالیہ اقدامات سے ایک ایسا فریم ورک تشکیل پائے گا جس سے کسان مستفید ہوگا اور آبی وسائل کا موثر تحفظ، چھوٹے ڈیموں کی تعمیر اور گندم، چاول اور کپاس جیسی اہم فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ہم قابل تجدید ذرائع توانائی کی جانب منتقلی، آبی وسائل کے تحفظ اور ان کے موثر استعمال کے ضمن میں پاک امریکہ شراکت داری سے استفادہ کریں گے۔

 انہوں نے یہ بات بیکر انسٹی ٹیوٹ رائس یونیورسٹی ہیوسٹن میں منعقدہ ایک مباحثے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی جو پاکستان میں توانائی اور آبی وسائل کے منظر نامے کے حوالے سے منعقد کیا گیا۔ امریکی پالیسی سازوں، تھنک ٹینک کمیونٹی کے اراکین، دانشوروں اور شعبے سے متعلقہ ماہرین نے بحث میں حصہ لیا۔سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ نظام موسموں کی شدت  کے حوالے سے حساس ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی مدد سے ہم نے  آبی وسائل  کے تحفظ، جدید زرعی ٹیکنالوجیز کی طرف منتقلی، استعمال شدہ پانی کے انتظام اور پانی کی پیمائش کے حوالے سے اصلاحاتی عمل شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی اور آبی وسائل کے تحفظ کے شعبوں میں درپیش سنگین چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہے اور توانائی کی پیداوار میں تنوع لانے کے حوالے سے مستقل اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دہائی میں پاکستان نے 10گیگا واٹ سے زیادہ نئی بجلی کی پیداوار اور 1گیگا واٹ ہوا اور شمسی توانائی پر مبنی منصوبے شروع کیے ہیں۔ تاہم  خلا اب بھی بہت وسیع ہے جسے پر کرنے کی ضرورت ہے۔