بھارت، اسپتال میں آتشزدگی ، ڈاکٹر میاں بیوی سمیت 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

321

نئی دہلی: بھارتی ریاست جھار کھنڈ کے علاقے دھن باد کے اسپتال میں آتشزدگی سے ڈاکٹر میاں بیوی سمیت 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھن باد میں پرانا بازار کے علاقے میں واقع ہزرا اسپتال کی دوسری منزل پر گزشتہ رات شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کے باعث دم گھنٹے سے ڈاکٹر وکاس ہزار اور اس کی بیوی ڈاکٹر پرما ہزرا سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 9 افراد کو بچا لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دوسری منزل پر لگنے والی آگ نے پہلی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا اور پہلی منزل پر سوئے ہوئے لوگ خود کو بچا نہ سکے۔ فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے اسپتال میں لگی آگ پر قابو پایا اور بچائے گئے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں فائر سیفٹی کے کوئی انتظامات موجود نہیں تھے۔