عمران خان کے مائنس ہونے تک سیاسی استحکام ممکن نہیں، عطا تارڑ

382
stability

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جب تک سابق وزیراعظم عمران خان سیاست سے مائنس نہیں ہوں گے یہ پاکستان میں استحکام نہیں آنے دیں گے۔

اپنے ایک بیان میں لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو برا بھلا مت کہا جائے، چیف الیکشن کمشنر کو پی ٹی آئی نے تعینات کیا ہے، جب عمران خان کی مرضی نہیں چلتی تو اداروں کو گالیاں دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جب تک سیاست سے مائنس نہیں ہوں گے یہ پاکستان میں استحکام نہیں آنے دیں گے، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معاشی عدم استحکام آتا ہے، عمران خان اکانومی کو خراب کرنا چاہتے ہیں، معاشی استحکام بھی آئے گا اور سیاسی استحکام بھی آئے گا۔

عطا تارڑ  کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کے عظیم الشان استقبال کیلئے جو ق در جوق قافلے لاہور آئے ، عمران خان کو سیاست کے میدان سے باہر پھینکیں گے۔ عمران خان کی دیرینہ خواہش تھی کہ مونس الہی گرفتار ہو، میں مونس الہی کو کہوں گا الیکشن آ رہا ہے واپس آجائیں، اپنے باپ کو مشکل میں چھوڑ کر باہر نہیں بھاگا جاتا، واپس آکر سامنا کریں۔