شرح سودمیں اضا فہ آئین اور شرعی عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے،ڈاکٹر فرید پراچہ

426

لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا ہے کہ شرح سودمیں مسلسل اضافہ اور اسے 25سال کی بلند ترین سطح پر پہنچانا آئین پاکستان کے آرٹیکل 38اور وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ مجریہ 28اپریل 2022ء کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہاکہ اللہ اور اس کے رسولۖ کی طرف سے سود خوروں کے خلاف اعلان جنگ کے مدمقابل آنے کی جسارت ہے،  معیشت سود کی شرح بڑھانے سے نہیں بلکہ سود کے مکمل خاتمہ سے ہی ٹھیک ہو سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ شاہانہ اخراجات کے خاتمہ، اشرافیہ کی مفت پٹرول جیسی مراعات کی واپسی، انتظامی مصارف میں 30فیصد کمی و دیگر اقدامات سے ہی معیشت بہتر ہو گی۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے مطالبہ کیا کہ حکومت سودی معیشت کے مکمل خاتمہ اور اسلامی معیشت کے مکمل نفاذ کے لیے عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد کا واضح روڈ میپ اور ٹائم فریم جاری کرے۔