فصلوں کی بیمہ پالیسی کیلئے کسانوں میں آگاہی پیداکی جائے، صدر مملکت

366

اسلا م آباد:صدر ڈاکٹر عارف علوی نے فصلوں کی بیمہ پالیسی سے فائدہ حاصل کرنے کی غرض سے عوام خصوصا کسانوں میں آگاہی اوراعتماد پیدا  کرنے کی ضرورت پر زور د یتے ہوئے کہاہے کہ باہمی مشاورت اور ہم آہنگی سے فصلوں اور زرعی مصنوعات کو انشورنس فراہم کرنے کیلئے قابل اعتماد، مستند اور پائیدار مصنوعات تیار کی جائیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ زراعت کا جی ڈی پی میں حصہ 50 فیصد تھا لیکن اب یہ جی ڈی پی کا صرف 23 فیصد رہ گئی ہے جس کی وجہ سے بدقسمتی سے پالیسی سازوں کی توجہ اس طرف مبذول نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ زراعت آج بھی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ضروری ہے کہ ملک کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اس شعبے کو سرکاری اور نجی سطح پر سرپرستی اور حمایت حاصل ہو جو صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب کسانوں کو ان کی زمینوں کے حجم سے قطع نظر انسانی ساختہ اور قدرتی آفات کے منفی اثرات اور نقصانات سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کے پاس سیٹلائٹ امیجری کا ایک بہت وسیع نظام موجود ہے جو موسم کے مختلف رجحانات کے بارے میں مسلسل متعلقہ ڈیٹا تیار کرتا ہے لیکن بدقسمتی سے اس کا درست تجزیہ نہیں کیا گیا تاکہ موسمی نظام میں اتار چڑھاؤ کی پیش گوئی کی جا سکے اور کسانوں کو غیر متوقع بارشوں یا دیگر قدرتی آفات کے بارے میں آگاہی دی جا سکے۔