پاکستان کی ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت

508
Foreign Office

اسلام آباد:پاکستان نے ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ یہ گھناؤنا فعل آزادی اظہار رائے کی آڑ میں ایک اشتعال انگیز اسلاموفوبک نفرت انگیز جرم ہے، اس طرح کی جارحانہ کارروائیوں سے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچتی ہے اور اس سے عالمی برادری کے درمیان انتشار پیدا ہوسکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے، ہم یہ بھی مانتے ہیں کہ یہ حکومتوں اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی گھنائونی کارروائیوں کو روکیں جو مذہبی منافرت اور تشدد کو ہوا دینے اور بھڑکانے کے مذموم مقاصد کے ساتھ کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسلامو فوبیا کے خلاف اپنی اجتماعی آواز اٹھانی چاہیے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

بیان کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے گزشتہ سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کے لیے جو قرارداد منظور کی تھی اس کے پیچھے یہی روح کارفرما تھی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے تحفظات ہالینڈ کے حکام تک پہنچائے جا رہے ہیں، ہم ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور اس طرح کی نفرت انگیز اور اسلام فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔