پی ٹی آئی والے جیل نہیں جائیں گے، اس تاثر کو ختم کرنا ہوگا، عطا اللہ تارڑ

465

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے جیل نہیں جائیں گے، اس تاثر کو ختم کرنا ہوگا، یہ نہیں ہو سکتا کہ قانون کے مطابق بنا ہوا پرچہ فوری واپس ہو جائے۔

 عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست موصول ہوئی، فواد چوہدری پر صرف پرچہ درج ہواہے تو ایسا لگ رہا ہے کہ قیامت آگئی،  فواد چوہدری عدلیہ کو کہہ رہے ہیں تمہارا باپ بھی عمران خان کو نااہل نہیں کرسکتا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ فواد چوہدری کو کسی کے گھر والوں کو دھمکی دینے کی اجازت کس نے دی؟ کوئی بھی شخص آئینی اداروں کو دھمکی نہیں دے سکتا، اداروں کو ڈرا دھمکا کر مرضی کے فیصلے لینے کی بازپرس تو ہوگی، اگر آج اس چیز کو نہ روکا تو گلی گلی دھمکیاں دی جائیں گی۔

  عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ فواد چودھری کو ریمانڈ کیلئے عدالت پیش کیا جائے گا، ادھر سرعام دھمکی دینے پر کوئی ایکشن نہیں،فواد چودھری نے جس ادارے کے سربراہ کو تھریٹ کیا، ان کو معافی مانگنی ہو گی، یہ ماضی کو مت بھولیں، فواد چودھری نے ایک غیر قانونی حرکت کی ہے۔