خدمت کا حلف تو پہلے ہی اٹھالیا تھا

337

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر جماعت اسلامی کے نومنتخب یوسی چیئرمین اور کونسلرز نے عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے اور نہ صرف رابطے کے لیے جارہے ہیں بلکہ لوگوں کے کام بھی کروائے جارہے ہیں، مسائل حل کروائے جارہے ہیں۔ اورنگی ٹائون میں یوسی چیئرمین کے رابطوں کے نتیجے میں لوگوں نے اپنی گلی میں گٹر بہنے کی شکایت کی تو انہوں نے فوری طور پر یوسی کے سیکرٹری سے رابطہ کرکے تعارف کرایا اور انہیں شکایت فوراً حل کرانے کے لیے کہا جو چند گھنٹوں میں حل کردی گئی، جبکہ اس سے قبل لوگ اس کام کے لیے کسی کے پاس نہیں جاسکتے تھے، اب انہیں اپنے نمائندے اپنے ہی محلے میں مل گئے۔ اسی طرح صفورہ کی یوسی کے چیئرمین نے اپنی نگرانی میں پانی کی لائن کا پائپ تبدیل کروایا۔ پی ای سی ایچ ایس میں کشمیر پارک کی قدیم عیدگاہ کی محراب توڑنے کے عمل کو رکوایا اور گورنر کامران ٹیسوری اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمن سے عیدگاہ اور کھیل کے میدان کو برقرار رکھنے کے لیے کہا۔ اسی طرح ضلع وسطی میں جماعت کے یوسی ناظم اور کونسلرز نے حلف برداری سے پہلے ہی خدمت کا کام شروع کردیا ہے کیونکہ جماعت اسلامی کے ہر کارکن نے مخلوق خدا کی خدمت کا حلف پہلے ہی اٹھایا ہوا ہے۔ یہ کونسلر چیئرمین میئر یا ایم پی اے اور ایم این اے بن کر خدمت پر یقین نہیں رکھتے، بلکہ جہاں ہوں جیسے بھی ہوں خدمت کرنا اپنا شعار سمجھتے ہیں۔ یقینا میئر کا معاملہ اپنے وقت پر طے ہوگا لیکن جو لوگ منتخب ہوگئے ہیں حافظ نعیم الرحمن نے انہیں میدان میں نکال کر لوگوں کو بڑا سہارا دیا ہے۔ جماعت کے کارکن خدمت کے لیے اختیار نہیں عزم رکھتے ہیں اور یہ عزم ہر اختیار سے بالا تر ہے۔