پاکستان اوربھارت کو تمام معاملات بات چیت سے حل کرنا ہوں گے، امریکہ

325

واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان کو مذاکرات سے مسائل حل کرنے چاہئیں، پاکستان میں بجلی کے شٹ ڈائون کے حوالے سے آگاہ ہیں، پاکستان نے اگر کسی قسم کا تعاون چاہا تو ضرور فراہم کریں گے، پاکستان اور بھارت کو بات چیت کا مشورہ دیتے ہیں، دونوں ممالک کو تمام معاملات بات چیت کیساتھ حل کرنے ہوں گے۔ 

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، پاکستان کیساتھ مضبوط تعلقات کا اظہار کیا ہے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان میں منتخب ہونے والی کسی بھی سیاسی جماعت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، ہم حکومتوں سے ان کی پالیسیوں کے مطابق روابط رکھتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ امریکا جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی خواہش رکھتا ہے، پاکستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات کی الگ الگ نوعیت ہے، پاکستان اور بھارت کے مذاکرات دو طرفہ معاملہ ہے اس لیے پاکستان اور بھارت کو بات چیت کا مشورہ دیتے ہیں، دونوں ممالک کو تمام معاملات بات چیت کیساتھ حل کرنے ہوں گے، دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، پاکستان میں توانائی بحران سے آگاہ ہیں اور سلسلے میں تعاون چاہیے تو کریں گے۔