سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا عمل ناقابل برداشت ہے،عطیہ نثار

512

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی قائم مقام سیکرٹری جنرل عطیہ نثار نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا عمل نا قابل برداشت ہے۔

عطیہ نثار نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی گھنائونا اور ناقابل برداشت عمل قرار دیا ہے اور اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ کہ قرآنِ مجید محض کوئی لٹریچر نہیں بلکہ خالقِ کائنات کا کلام ہے جس کی تعظیم دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سرخ لائن کی حیثیت رکھتی ہے، اس کی اہانت سے نہ صرف اربوں انسانوں کے دل زخمی ہوئے بلکہ جذبات بھی بری طرح مجروح اور مشتعل ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، قرآن پاک کی بیحرمتی کا یہ عمل احمقانہ، اشتعال انگیز اور اسلامو فوبیا کا مظہر ہے۔

 انہوں نے مطالبہ کیا کہ عا لمی برادری اور او آئی سی اس ناقابل برداشت عمل کا نوٹس لے اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے اجتماعی اور سنجیدہ ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔