طویل بریک ڈاؤن،ملک بھر میں 15 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ کی جاسکی

506
breakdown

اسلام آباد: ملک بھر میں پیر کی صبح ساڑھے سات بجے ہونے والے بریک ڈاؤن کے بعد 15 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بجلی بحال نہ کی جاسکی۔

وزارت تونائی کے مطابق تمام تقسیم کارکمپنیز کے علاقوں میں جزوی طور پر بجلی بحال ہوگئی، پاورپلانٹس سے بجلی کی پیداوارسسٹم میں بتدریج شامل ہونا شروع ہوگئی۔ پیداوارمیں اضافے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی شروع ہوئی۔ بجلی کی مکمل بحالی کیلئے بند پاورپلانٹس چلائے جارہے ہیں۔ فرنس آئل، گیس، پانی سے چلنے والے پلانٹس سے بھی بجلی کی پیداوار بتدریج شروع ہوگئی تاہم کوئلے اور نیوکلیئر پاورپلانٹس کی بحالی میں مزید2 سے3 دن لگ سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں بجلی کی مرحلہ وار بحالی کا عمل جاری ہے لیکن بجلی ابھی تک مکمل بحال نہیں ہوسکی۔ وزارت تونائی حکام کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں ملک بھر میں بجلی مکمل طور پر بحال ہوجائے گی۔

دوسری جانب کراچی میں بجلی کی فراہمی صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب معطل ہوئی، کراچی شہر کا 90 فیصد حصہ اب بھی بجلی سے محروم ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ سسٹم کا استحکام برقرا رکھنےکیلئے بحالی کا عمل بتدریج کیا جا رہا ہے،  آئندہ 3 سے4 گھنٹوں میں کراچی کے بیشترحصوں میں بجلی بحالی کا امکان ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ سے بجلی کی بحالی کیلئے این ٹی ڈی سی سے رابطے میں ہیں، شہر میں بجلی کی مکمل بحالی میں مزید 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔