پاکستان کو اس نہج پر پہنچانے کے ذمہ دارعمران خان ہیں،جاوید لطیف

289

 لاہور:مسلم لیگ(ن )کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس نہج پر پہنچانے کے ذمہ دار عمران خان ہیں، نواز شریف نے ریاست کیلئے بہت قربانیاں دیں،لیکن ان کی قربانیوں کو ضائع کیا گیا، اب نواز شریف مزید قربانیاں نہیں دیں گے،لیگی قائد کو بدنام کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے، نواز شریف سے معافی مانگ کر انہیں واپس لانا ہوگا۔

ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف نے ذات کی تکلیفیں بھلا کر آگے بڑھنے کی بات کی، نواز شریف نے گارنٹی نہیں لی اور نہ آج چاہتے ہیں، کیا نوازشریف بار بار ملک کیلئے قربانیاں دیں گے؟، 2017میں کس کی خواہش پر نواز شریف کو ہٹایا گیا، مجرموں کے اقبال جرم کے بعد بات ہضم ہوگئی، 2017میں کہتے ہیں کمیشن بنایا جائے، آج بات ٹرتھ کمیشن سے آگے نکل گئی، 2017کے کرداروں کی جیب سے پیسہ نکالنا ہوگا۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 2022تک کھلے عام سرپرستی کی جاتی رہی، 20ضمنی نشستوں پر بھی سہولت کاری ہو رہی تھی۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 5 افراد نے معاشی و سیاسی ہر لحاظ سے ریاست کو نقصان پہنچایا، یہ کافی نہیں ہوگا نوازشریف کو بے گناہ قرار دے کر پاکستان لایا جائے،سزا دینے والوں کو عبرت کا نشان بنا کر نوازشریف کو واپس لانا ہوگا، دونوں صوبوں کے الیکشن کی تاریخ کے بعد نواز شریف واپسی کی تاریخ دینگے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی لوٹ مار کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کی لہر آئی ہے، عمران خان پاکستان کو اس نہج پر پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔