چین سے تجارت نئی بلندیوں تک جائے گی، بلاول بھٹوزرداری

393
Trade

ڈیووس: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی چین کے ساتھ دوطرفہ تجارت نئی بلندیوں تک پہنچ جائے گی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعلقات پاک چین ہمہ موسمی تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا مرکز ہیں،دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ، قابل تجدید توانائی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے رواں ہفتے ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر سوئٹزرلینڈ میں خبر رساں ادارہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ71 سال کے دوران پاک چین رہنمائوں کی کئی نسلوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو پروان چڑھایا ہے۔ ہمارے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک بنیادی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں اور قومی ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ خواب میں بھی شریک ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ(سی پیک) اور2013  میں چین کے تجویز کردہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) جیسے نئے اقدامات کی بدولت بھی پاک چین باہمی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔