مافیا کراچی سے اپنا بوریا بستر گول کرلیں، گورنر سندھ

388
mafia

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری  نے کہا ہے کہ مافیا شہر قائد سے اپنا بستر گول کر لیں کیونکہ کراچی میں جہاں جہاں زمینوں پر قبضے ہیں سب ختم کرائے جا رہے ہیں۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کراچی کو گرین اینڈ کلین بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، پارک کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ یہ بات انہوں چین کے قونصل جنرل کے ہمراہ پاک چائنا فرینڈ شپ پارک کے افتتاح کےموقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ تفریح سے محروم ہو چکے تھے، شہر میں جہاں زمینوں پر قبضے تھے سب ختم کیے جا رہے ہیں، الٰہ دین پارک پر تجاوزات تھیں، واگزار کرا لیا گیا ، مافیاز کراچی سے اپنا بستر گول کر لیں،کسی مافیا کو ہم برداشت نہیں کریں گے۔

بلدیاتی انتخابات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آئوٹ انتہائی کم رہا جس طرح شہریوں کو پولنگ کے لیے نکلنا تھا وہ نہیں نکلے، بطور گورنر میرا سیاست میں کوئی کام نہیں۔

اس موقع پرچین کے قونصل جنرل  کا کہنا تھاکہ اس طرح کے منصوبے مستقبل میں کراچی کے لئے بہتر ثابت ہوں گے، پاکستان چین دوستی ایک مثالی دوستی ہے، ہماری دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔